جون کا مہینہ، پوری دنيا اور پاکستان سے اہم واقعات پر ایک نظر

حالات حاضرہ سے متعلق اس بلاگ میں دنیا اور پاکستان میں جون کے مہینے میں پیش آنے والے اہم واقعات پر نظر ڈالیں گے۔ عالمی واقعات میں روس یوکرین جنگ اور اس کے نتیجے میں پڑنے والے اثرات، سری لنکا کا معاشی بحران، عالمی معاشی کساد بازاری اور افغان طالبان کی طرز حکومت شہ سرخیوں میں رہیں جبکہ پاکستان میں تو جون بجٹ کا مہینہ ہوتا ہے اور اب کی بار تو بجٹ ایسی حالت میں پیش کر دیا گیا کہ پاکستان بدترین معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ کھیل اور شوبز کی دنیا پر یہ مہینہ کیسے گزرا، سب پر بھاری بھاری نظر ڈالتے ہیں۔

عالمی خبریں

روس یوکرین جنگ

روس یوکرین جنگ چوتھے مہینے میں داخل ہوچکی ہے۔ روس کو یوکرین کے فوجیوں اور شہریوں کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے تو دوسری طرف روس بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے پورا زور لگا رہا ہے۔ نتیجے میں ہزاروں بے گناہ شہری جنگ کا ایندھن بن چکے ہیں۔ امریکہ اور یورپی ممالک کی طرف سے یوکرین کو اربوں ڈالر کی معاشی امداد اور اسلحہ کی فراہمی جاری ہے مگر کوئی بھی روس کے خوف کی وجہ سے جنگ میں آنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

اسی ماہ جی سیون اور نیٹو کے اجلاسوں میں اس جنگ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ نیٹو نے روس کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا اور مشرقی یورپ کی دفاع کے لیے ہزاروں نئے فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ یورپ کو دوسری جنگ عظیم کے بعد روس کی شکل میں انتہائی خطرے کا سامنا ہے۔

فن لینڈ اور سوئیڈن نے نیٹو کی ممبر شپ کے لیے درخواستیں دائر کر دیں جس پر روس نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

عالمی معاشی کساد بازاری

روس یوکرین جنگ کی وجہ سے تیل، گیس اور اناج کی کم دستیابی کی وجہ سے ان چیزوں کی قیمتیں انتہائی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر دنیا میں مالیاتی اور توانائی بحران سر اٹھا رہے ہیں۔ 2008 کے بعد توانائی کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں جبکہ دنیا کے بیشتر سٹاک مارکیٹ میں کاروبار تنزلی کے شکار ہیں۔

سری لنکا دیوالیہ ہو چکا

سری لنکا اپنے ذمہ 51 ارب ڈالر کی بیرونی قرض ادا نہ کرنے کی صورت میں دیوالیہ ہو چکا ہے۔ ملک میں پیٹرول کی دستیابی اتنی کم ہو چکی ہے کہ صرف ایمرجنسی کے لیے مہیا کی جاتی ہے، بجلی کی عدم دستیابی کا بھی یہی صورت حال ہے۔ عوام کی طرف سے بدترین مظاہروں کے بعد پاکشے خاندان پر مشتمل حکومت مستعفی ہو چکی ہے۔ نئے وزیراعظم کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل ہونے میں ایک ماہ کا وقت لگ سکتا ہے جس کی وجہ سے مزید کٹھن صورت حال کے لئے تیار رہنا چاہیے۔

بہارت ہندوتوا کے راستے پر

اسی مہینے بھارت میں دو بی جے پی رہنماؤں کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کر دی گئی تو بھارت اور پوری مسلم دنیا میں اس کا سختی سے نوٹس لے لیا گیا۔ کئی مسلم ممالک میں بھارت کے سفیر کو طلب کر کے اس واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا اور بھارت کو معافی مانگنے پر مجبور کر دیا گیا۔

طالبان کا افغانستان

افغانستان میں طالبان حکومت دسویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے لیکن روس، چین، پاکستان اور ترکمانستان کے علاوہ تمام ممالک میں ابھی تک اشرف غنی حکومت کے سفیر اور سفارتی اہلکار کام کر رہے ہیں۔ طالبان حکومت کو بین الاقوامی برادری کی طرف سے تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے افغانستان شدید مالیاتی اور غذائی بحران کا شکار ہے۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں یہاں تک کہ بیشتر غریب عوام باسی روٹی کھانے پر مجبور ہیں۔

دوسری طرف جون کے آخری دنوں میں اس تباہ حال ملک میں زلزلے نے مزید تباہی مچادی۔ ایک ہزار سے زائد لوگ جان سے گئے اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

شام میں جنگ سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ چکی

اقوام متحدہ کے حالیہ رپورٹ میں یہ بات منظر عام پر آئی کہ 2011 سے شروع ہونے والی شامی جنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ چکی۔ جبکہ اس میں عسکریت پسند تنظیموں کے مرنے والے کارکنان کی تعداد شامل نہیں۔ شام اس جنگ کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور جنگ کے خاتمے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔

پاکستان میں کیا ہوا

بجٹ

اس سال کا بجٹ پاکستان کے پچھلے سالوں کے بجٹ سے دو حوالے سے مختلف تھا پاکستان کی حالیہ تاریخ میں پہلی بار بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی طرف سے نہ کوئی شور شرابہ تھا اور نہ بجٹ کی کاپیاں پھاڑی گئی بلکہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ہیڈ فون لگائے بغیر بڑے پر سکون انداز میں بجٹ تقریر مکمل کی۔ کیونکہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کی وجہ سے اپوزیشن بینچ خالی تھے۔

اگرچہ پاکستان اکثر آئی ایم ایف پروگراموں کی وجہ سے بجٹ اس کی ہدایات کے مطابق بناتا ہے مگر اس مرتبہ یہ مکمل آئی ایم ایف بجٹ تھا اور حکومت کی طرف سے اس کا برملا اظہار بھی کیا گیا۔ آئی ایم ایف شرائط کے مطابق اسی ماہ تیل کو سو روپے مہنگا کردیا گیا۔ بجلی کے نرخوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا جس کی وجہ سے ایک طرف عوام مہنگائی کے ہاتھوں مارے گئے تو دوسری طرف سخت گرمی کے موسم میں لوڈشیڈنگ کے ہاتھوں۔

جون میں مہنگائی کی شرح 21 فیصد تک پہنچ چکی، جو 2009 کے بعد ماہانہ مہنگائی کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔

چین کی طرف سے تین ارب ڈالر سے زائد رقم وصول ہونے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے۔ ایک اور اچھی خبر یہ سامنے آئی کہ سی پیک میں شامل 720 میگاواٹ کے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے بجلی پیداوار دینا شروع کر دیا۔

اسی ماہ میں پنجاب کے مختلف یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے درجنوں بلوچ طلباء کو نامعلوم افراد کی طرف سے اغوا کیا گیا جس کے نتیجے میں ریاست کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ انسانی حقوق سے وابستہ ایک اہم خبر یہ بھی تھی کہ کراچی کے ایک جیل میں قید ایم این اے علی وزیر، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود بھی بجٹ کے اہم اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔

کھیل

کرکٹ کی دنیا کی سب سے بڑی لیگ آئی پی ایل اب نہ صرف کرکٹ بلکہ تمام کھیلوں کے لیگ میں دوسرے نمبر پر آ چکی ہے۔ یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب آئی پی ایل نے اگلے تین سالوں کے لئے اپنے نشریاتی حقوق کو 6 ارب ڈالر کے عوض فروخت کر دیے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا۔ تین ون ڈے پر مشتمل سیریز میں میزبان پاکستان نے مہمان ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کر دیا۔ کرکٹ کی دنیا میں بابر اعظم کا ستارہ گردش میں ہے اور وہ آج کل اپنے عروج کے زمانے سے گزر رہے ہیں اور پوری دنیا سے داد سمیٹ رہے ہیں۔

شوبز

پاکستان میں رمضان نشریات اور فیملی انٹرٹینمنٹ شوز کے بانی صحافی، سیاستدان اور بہترین مقرر عامر لیاقت حسین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔ اس کی موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔ وہ پوری زندگی اپنے متنازعہ کردار کی وجہ سے اکثر خبروں کی زینت بنے رہتے تھے۔

پڑوسی ملک میں نوجوان گلوکار سدھو موسے والا کے قتل بھی ایک افسوسناک خبر کے طور پر سامنے آیا۔

2 thoughts on “جون کا مہینہ، پوری دنيا اور پاکستان سے اہم واقعات پر ایک نظر”

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *