آج کی دنیا میں سافٹ سکلز کی اہمیت

مصنف: عامر ظہیر (استاد ، مصنف ، بلاگر ، یوٹیوبر)

آج کا زمانہ ہنر کا زمانہ ہے بلکہ بعض لوگوں کے مطابق روزگار کے اعتبار سے تو ہنر تعلیم سے بھی زیادہ فائدہ مند ہے ۔ ان مہارتوں کو دو بڑے گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے جن کو ہارڈ سکلز اور سافٹ سکلز کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔ دونوں کے درمیان فرق یہ ہے کہ ہم ہارڈ سکلز کی آسانی سے تعریف کر سکتے ہیں، ان کو ماپا جا سکتا ہے، یہ مخصوص ہوتے ہیں اور یہ سیکھے و سکھلائے جا سکتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ہم سافٹ سکلز کی آسانی سے تعریف نہیں کر سکتے نہ ان کو ماپا جا سکتا ہے، یہ مخصوص کے بجائے عالمی نوعیت کے حامل ہوتے ہیں، عموماً قدرتی ہوتے ہیں اور ایک حد تک سیکھے جا سکتے ہیں اس سے زیادہ نہیں ۔

ہارڈ سکلز کون کونسے ہیں

جب ہمارے سامنے ہارڈ سکلز کی ذکر کی جاتی ہے تو ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی اصطلاحات کی وجہ سے ہمارے ذہن میں فوری یہ خیال آتا ہے کہ یہ ہارڈ ویئر سے متعلق ہونگے مگر ایسا نہیں ہے بلکہ کمپیوٹر پروگرامنگ، آرٹیفیشیل انٹیلی جنس، ایفیلیٹ مارکیٹنگ وغیرہ کے آن لائن سکلز بھی ہارڈ سکلز کے زمرے میں آتے ہیں۔ کاروبار ، سیلز مین، ڈاکٹر، کیشیر وغیرہ کے طور پر کام کرنا یا دوسری زبان سیکھنا بھی ہارڈ سکلز سے تعلق رکھتے ہیں ۔

سافٹ سکلز

ہارڈ سکلز کی اہمیت اپنی جگہ پر مگر موجودہ زمانے میں سافٹ سکلز زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں ۔ ان مہارتوں کے حامل انسان کے زندگی میں آگے جانے کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں ۔ ذیل میں کچھ اہم سافٹ سکلز اور ان کی اہمیت کے بارے میں ذکر کیا جاتا ہے۔

مذاکرات/ بات چیت

اس ہنر میں الفاظ کی حسن ادائیگی ، بہترین تقریر کرنا ، دوسرے لوگوں کو قائل کرنے کی خوبی وغیرہ شامل ہیں ۔

تنازعات اور مسائل کا حل

تنازعات اور مسائل کی جڑ تک پہنچنا، ان کی وجوہات جاننا اور اس کا حل نکالنا آپ کو دنیا میں بہت آگے لے جا سکتا ہے ۔ عام لوگوں میں تنقید اور اعتراض کرنے والوں کی اکثریت ہوتی ہیں ۔ مگر مسائل کو حل کرنے کا ہنر آپ کو منفرد بناتا ہے ۔ ایک عام کاروباری اور انٹرپرینیور میں فرق یہ ہوتا ہے کہ آخر الذکر مارکیٹ کا جائزہ لیکر مسائل کی نشاندہی کرکے اس کا حل نکالتا ہے۔

اعتماد

لوگ ایک خوف کے سائے میں زندگی گزارتے ہیں ۔ اعتماد آپ کو کھلاڑی کے طور پر زندگی گزارنے کا حوصلہ دیتا ہے ۔ با اعتماد لوگ جب میدان عمل میں کود پڑتے ہیں تو بالآخر کامیاب ہو جاتے ہیں۔

سماجی ذہانت

آپ نے دیکھا ہوگا کہ بعض طلباء تعلیمی لحاظ سے اتنی اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے مگر ان کے اندر دوسرے لوگوں کے ساتھ تعلقات بنانے، دوستی نبھانے اور لوگوں کے دل جیتنے کا ملکہ ہوتا ہے ۔ یہ لوگ اگر پیسہ کمانے میں زیادہ کامیاب نہ بھی ہو تو عزت کمانے میں بہت آگے جاتے ہیں ۔ یہ مہارت زندگی میں بڑا کام آتا ہے۔

فیصلہ سازی

صحیح وقت پر صحیح فیصلہ لینا کامیاب لوگوں کی نشانی ہوتی ہے ۔ فیصلہ سازی کی قوت میں کمی کے دو بڑے وجوہات خوف اور اپنی زندگی کے مقاصد میں واضح نہ ہونا ہیں ۔

جیسا دیس ویسا بھیس

جیسا دیس ویسا بھیس سے مراد لچک ہے ۔ وہ درخت جس میں لچک نہ ہو طوفان کی زد میں آکر ٹوٹ جاتی ہے جبکہ لچکدار درخت ٹوٹنے سے محفوظ رہتی ہے ۔ وقت، علاقے اور لوگوں کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کے لئے اپنے آپ کو بدلنا پڑتا ہے ۔ اگر آپ نئے لوگوں کے درمیان جلدی سے اپنا مقام بنا سکتے ہیں تو آپ اس مہارت کے مالک ہیں۔

لیڈر شپ

ہم اپنے بچپن کے دن یاد کریں تو کھیل میں شامل ہوتے وقت کمزور بچے اکثر یہ کہتے رہتے کہ ہم کس کی طرف سے کھیلیں گے جبکہ مضبوط اور پر اعتماد بچے آ کر نعرہ لگاتے کہ کون میری طرف سے کھیلے گا۔ یہی لیڈر شپ کی خوبی ہوتی ہے۔ یہ لوگ کچھ وقت کے لئے سہی مگر ہمیشہ دوسروں کے زیر نگرانی کام نہیں کر سکتے ۔ یہ جہاں بھی ہوتے ہیں ان کے نیچے لوگ کام کرتے ہیں۔

تجزیاتی سوچ

انگریزی زبان کے لفظ اینلاسس کا مطلب کسی چیز کو اندر سے گہرائی میں جانچنا ہوتا ہے مثال کے طور پر حکومت کا مطالعہ کرتے وقت ان کی شاخوں مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کا تفصیلی جائزہ لینا ۔ تجزیاتی سوچ کے حامل افراد کسی چیز ، واقعے، فیصلے یا شخص کے بارے میں رائے قائم کرتے ہیں تو تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہیں۔

ملٹی ٹاسکنگ

ملٹی ٹاسکنگ کا مطلب ایک وقت میں زیادہ کام سرانجام دینے کی ہے ظاہر بات ہے ایسا شخص کم وقت میں زیادہ کام کر سکتا ہے اور ایسے ہی لوگ آج کی دنیا کی ضرورت بن چکے ہیں۔ یہ لوگ مختلف افعال کو بیک وقت توجہ دے سکتے ہیں ۔

جذباتی ذہانت

جذباتی ذہانت کو سمجھنے کے لئے یہ مثال ملاحظہ ہے کہ پاکستان میں کتاب پڑھنے والوں کی تعداد ٹوٹل آبادی کی بمشکل 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہوگی ۔ اب آپ خود اندازہ لگا لیں کہ کتاب لکھنے والے کتنے ہونگے اور ان میں وہ مصنفین کتنے ہونگے جن کا کام ایک تحقیق اور تخلیق پر مبنی ہو، ظاہر ہے ایک فیصد سے بھی کم۔ یہی تخلیقی صلاحیتوں کے حامل لوگ شاعروں ، ادیبوں ، مصوروں ، فلم سازوں اور سائنس دانوں کی صورت میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیتے ہیں ۔

بلوچستان بمقابلہ ریاست پاکستان ؛ کل اور آج

نظریہ کشش اور نظریہ محبت کا موازنہ

سرکاری ملازمت اچھی یا پرائیویٹ ؟

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *